انسٹاگرام نے 2023 میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ میٹا پلیٹ فارم انک کی جانب سے متعارف کی گئی اس ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ ایپ نے اسی کیٹگری میں پہلے سے موجود ایپ ٹک ٹاک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈیجیٹل اکانومی سے متعلق ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی سینسر ٹاورکے مطابق سال 2022 کے مقابلے میں گزشتہ برس انسٹاگرام ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی مجموعی تعداد 20 فیصد اضافہ کے بعد 76 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ٹِک ٹاک کی ڈاؤن لوڈ ہونے کی تعداد 4 فیصد اضافے کے بعد 73 کروڑ 30 لاکھ ہو گئی ہے۔
سال 2021 اور 2022 میں ٹک ٹاک کی انسٹاگرام پر برتری میں واضح کمی کا رجحان رہا۔ 2023 کے آخری 3 مہینوں میں انسٹاگرام میں ایک کروڑ 30 لاکھ نئے فعال صارفین کا اضافہ ہوا جبکہ اس دوران 1 کروڑ 20 لاکھ صارفین نے ٹک ٹاک کو چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائٹ ڈانس نے ٹک ٹاک ایپ 2016 میں لانچ کی تھی، بعد ازاں کمپنی نے 80 کروڑ ڈالرمیں سوشل میڈیا سائٹ ’میوزیکل ڈاٹ لی‘ کو خرید کر ایپ میں ضم کر لیا تھا جس کے بعد ٹک ٹاک امریکا میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن گئی تھی۔
سینسر ٹاور کے مطابق 2018 کے پہلی ششماہی میں ٹک ٹاک صرف ایپل کے ایپ اسٹور سے 10 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کی گئی تھی۔
2020 میں کووڈ 19 کے دوران ٹک ٹاک کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا، اسی برس انسٹاگرام نے ’ریلز‘ کا فیچر متعارف کرایا جو ٹک ٹاک کی طرح جینریشن زی کو پلیٹ فارم سے جوڑے رکھنے کی ایک اہم کوشش تھی۔