پی ایس ایل سیزن9: جیسن رائے کیساتھ الجھنے پر افتخار احمد پر کتنا جرمانہ ہوا؟

جمعرات 14 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آخری گروپ میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے کے ساتھ تلخ کلامی کرنے پر ملتان سلطانز کے فیلڈر افتخار احمد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ جیسن رائے کے آؤٹ ہونے پر افتخار احمد نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا تھا جس پر دونوں آپس میں الجھ پڑے تھے۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 79 رنز سے شکست دے دی تھی، تاہم اس میچ میں کوئٹہ کی بیٹںگ کے دوران بیٹر جیسن رائے اور فیلڈر افتخار احمد آپس میں الجھ گئے تھے اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے معاملہ ختم کروادیا گیا تھا تاہم پریس کانفرنس کے دوران ملتان سلطانز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ ولے نے کہا کہ جیسن رائے میری گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، لیکن وہ ابھی کریز پر تھے کہ افتخار احمد کے مخاطب کرنے پر وہ ریویو لینے کے بجائے افتخار احمد کی طرف دیکھنے لگ گئے۔

ڈیویڈ ولے نے کہا کہ جس کے بعد آپس میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور اتنے میں ریویو کا وقت چلا گیا، جس کے باعث جیسن رائے کو مزید غصہ آیا۔

دوسری جانب کرکٹ انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے افتخار احمد پر ضابطہ اخلاق کی لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ ایمپائرز کے مطابق افتخار احمد نے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایمپائرز کے مطابق ایسی حرکات یا اشاروں کا استعمال جو توہین آمیز ہو، یا میچ کے دوران کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے پر جارحانہ ردعمل کو جنم دے تو جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ تاہم افتخار احمد نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کے جرمانے کو قبول کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دی۔ ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، جبکہ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 15.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp