تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو جیل منتقل کردیا گیا

بدھ 15 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے تحریک انصاف کے گرفتار رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو پولیس ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر کے باہر احتجاج اور حملہ کے کیس میں نامزد رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو پولیس نے ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے گلشن اقبال سے گرفتار کیے گئے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو عدالتی ریمانڈ پر کراچی جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

تحریک انصاف کے وکلا نے ارسلان تاج کی ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے۔ جس کے مطابق ارسلان تاج موقع پر موجود نہیں تھا۔ ان کا نام مقدمہ میں کہیں ہے نہ ہی ضمنی چالان میں کہیں موجود ہے۔

عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ پولیس نے انہیں کسی قسم کے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا۔ تاہم پولیس حکم کی پابند ہے جو کہا جاتا ہے وہ کرتی ہے۔

تصویر بشکریہ دنیا نیوز

ارسلان تاج نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور میں جاری آپریشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مقبول ترین رہنما کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

’آئین کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک میں اگر آئین موجود ہے تو نظر بھی آنا چاہیے۔‘

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج کو بکتر بند گاڑی میں احاطہ عدالت سے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ارسلان تاج کو 12 مارچ کو سائٹ اے تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

کراچی کے ضلع کیماڑی کے سائٹ اے تھانے میں رواں سال 18 جنوری کو درج ایف آئی آر نمبر 28/2023 میں زیر دفعہ 380، 427، 324، 149، 147، 148، 186 اور 506 بی کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے بھی عائد کی گئی ہے۔

ڈی سی آفس کے ملازم کاشف مبین کی مدعیت میں درج مقدمہ میں پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی، بلال غفار، عطا اللّٰہ، سعید آفریدی، شبیر قریشی، سمیت دیگر رہنماؤں پر اسلحہ، لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے لیس کارکنوں کی قیادت کرنے کا الزام ہے۔

پولیس مقدمی کے مطابق ان افراد نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اس مقدمے میں ارسلان تاج کو نامعلوم ملزم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ جن کی شناخت کی جاسکتی ہے۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp