پہلی بار والدین بننےاور اپنے بچے کو پہلی بار تھامنے سے یقیناً آپ بہت زیادہ جذباتی ہوتے ہیں۔ نئے نویلے والدین کی حیثیت سے آپ چاہتے ہیں کہ اپنے بچے کے لیے کچھ بہتر سے بہترین کریں۔
بچے کی نیند پوری ہونے کا خیال رکھنا ، اسے مناسب غذائیت فراہم کرنا اور اس کی دیکھ بھال کرنا ایک مشکل کام ہوسکتا ہے لیکن ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔
نئے والدین کے طور پر اپنی زندگی کو آسان اور مزید پر لطف بنانے کے لئے، اپنے بچے کو خوش اور صحت مند رکھنے کے لئے مندرجہ ذیل چند تجاویز پر عمل کرنا ضروری ہے۔
بہت سے ایسے والدین اپنے نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے بہترین طریقے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ بچے کی دیکھ بھال میں ایک اہم پہلو اس کی اچھی صحت برقرار رکھنا بھی ہوتا ہے۔
بچوں کی حفظان صحت کی بھارتی ماہر نیکیتا کوہلی کتھوریا نے چھوٹے بچوں کو خوش اور صحت مند رکھنے کے لئے مخلتف طریقے بتائے ہیں۔ آئیے ! ان سے استفادہ کرتے ہیں:
1بچے کے کپڑے الگ سے دھوئیں۔

بچوں کے کپڑے دھونے کے لئے ایسا سرف استعمال کریں جو خاص طور پر بچوں کے لئے بنایا گیا ہو۔ سرف کیمیکلز سے پاک ہونا چاہیے، کیونکہ کیمیکلز کی وجہ سے بچوں کی جلد پر خارش ہو سکتی ہے۔
ایسا مائع سرف استعمال کریں جس میں گلیسرین موجود ہو، اس سے آپ کے بچے کی جلد بھی ملائم رہے گی۔
بچے کے کپڑوں کو خاندان کے باقی کپڑوں سے علیحدہ دھوئیں،تاکہ بچہ جراثیم اور ہر طرح کے بیکٹیریاز سے محفوظ رہے۔
کپڑوں کو نرم کرنے والے کیمیکلز سے پرہیز کریں کیوں کہ یہ بچے کی جلد پر خارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
بلیچ کا استعمال بالکل بھی نہ کریں۔ ایک تو یہ بچوں کے کپڑوں کی رنگت تبدیل کر سکتا ہے دوسرا ان کی جلد کے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
2بچے کو نہلانے کے بعد اس کی جلد کو موسچرآئز کریں

بچے کو نہلانے کے بعد اس کی جلد کو موسچرآئز کرنے سے اس کی جلد ہائیڈریٹ اور ملائم رہتی ہے اور خشک ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔ بچوں کی جلد کو موسچرآئز کرتے رہنا چاہیے، اس سے بچوں کی جلد میں تازگی آجاتی ہے اور وہ جراثیم سے پاک رہتی ہے۔
بچوں کو نہلانے کے فوراً بعد ان کی جلد کو موسچرآئز کیا جائے ، اس طرح ان کی جلد میں نمی برقرار رہتی ہے۔
بچے کی ہائیڈریشن اور اس کی بہتر پرورش کے لئے ضروری ہے کہ ماں اسے باقاعدگی سے دودھ پلائے۔
بچے کو موئسچرآئز کرتے ہوئے چند احتیاطیں بھی نہایت ضروری ہیں۔
ماؤں کو چاہیے کہ وہ خوشبو والے موئسچرآئزرز کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ بچے کی جلد پر جلن اور خارش کا باعث بن سکتے ہیں۔
اور یہ بھی ضروری ہے کہ موئسچرآئزرز کا استعمال بہت زیادہ نہ کیا جائے۔ کیونکہ اس کا زیادہ استعمال جلد کے مسام بند اور مختلف جلدی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
3بچے کے سر کی مالش کریں

بچے کی سر کی مالش آہستہ اور سرکلر طریقے سے کریں۔ اس سے ایک تو بچے کو آرام ملے گا دوسرا سر میں خون کے بہاؤ کو تیز کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
بچے کے سر کی مالش کے لئے بے بی آئل یا ناریل کا تیل استعمال کریں۔
بچے کا سر نازک اور حساس ہوتا ہے اس لئے مالش اپنے روزمرہ کے کاموں سے وقت نکال کر آرام سے کریں۔
بچے کے سر کی مالش کرتے وقت احتیاطی تدابیر
بچے کے سر کی مالش کرتے وقت بہت زیادہ دباؤ نہ ڈالیں،زیادہ دباؤ تکلیف یا چوٹ کا سبب بن سکتا ہے ۔
ایک بار پھر یاد کروانا ضروری ہے کہ سر کی مالش کے لئے ایسی مصنوعات استعمال نہ کریں جن میں بہت تیز خوشبو ہو یا ایسی چیزیں موجود ہوں جو جلن کا باعث بنیں۔
4بچے کی ٹرویل کٹ ہمیشہ ساتھ رکھیں۔

کہیں سفر کی صورت میں بچے کے ڈائپر اور وائپس ساتھ رکھیں اور بچے کے اضافی کپڑے بھی ساتھ پیک کر لیا کریں۔
بچوں کی فرسٹ ایڈ کِٹ بھی ساتھ رکھ لیں۔ جس میں ضروری اشیاء جیسے پٹیاں ،جراثیم کش دوا اور مختلف بیماریوں سے بچوں کو ہونے والے درد کو کم کرنے والی ادویات بھی ساتھ رکھ لیں۔
سپلیمنٹس جن کی آپ کے بچے کو ضرورت ہو سکتی ہے ، بھی ساتھ رکھیں۔
سفرکی صورت میں ان باتوں کا خیال رکھیں
اگر آپ بیرون ملک سفر کے لیے نکل رہے ہیں تو بچے کا پیدائشی سرٹیفیکیٹ یا پاسپورٹ جیسی ضروری دستاویزات ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔
بہت زیادہ کھلونے یا دیگر بھاری غیر ضروری سامان پیک نہ کریں ۔
جو لوگ پہلی بار والدین بنتے ہیں، اپنے نوزائیدہ بچے کے لئے کام کرنا ان کی اولین ترجیح ہو تی ہے،اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ان کے روزمرہ معمولات میں نئے کام کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ اپنے بچے کی دیکھ بھال مندرجہ بالا طریقوں کے مطابق کریں گے تو یقیناً آپ بچے کی پرورش صحت مند طریقے سے پروان چڑھے گی۔