سنی اتحاد کونسل کے ساتھ آلائنس کی بات پبلک میں نہیں کرنی چاہیے، اعظم سواتی

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد سے متعلق پبلک میں بات نہیں کرنی چاہیے، یہ بات کہنا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ غلط تھا غیر ذمہ دارانہ بات ہے۔

ہفتہ کے روز پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے  ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ سر عام پبلک میں یہ بات کرنا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ غلط تھا یہ امچیورٹی ہے، بانی پی ٹی آئی کی غیر موجودگی میں بھی پارٹی متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اتفاق رائے سے ساری باتیں ہوتی ہیں، ایک یا 2 بندوں کی باتوں سے پارٹی کا اتفاق رائے پیش نہیں ہوتا ، ہمیں اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے، ملک میں پی ٹی آئی کی 3 تہائی اکثریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو داد دیتا ہوں جو جمہوریت کے فروغ کے لیے ہمارے ساتھ ہیں، اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی شناخت عوام کے ووٹوں سے ہے۔

اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ ادارے ہمارے ساتھ مل کر مثبت قدم اٹھائیں،جس میں ملک کی شناخت، اقدار اور جمہوریت کو بچایا جا سکے۔ ماضی کو بھول کر آگے کا سوچنا چاہیے، ہم نے پارلیمنٹ کو مستحکم کرنا ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے، اس کے لیے آخری حد تک لڑیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp