بیرون ملک جانے کی اجازت، ملیکہ بخاری کا مریم نواز کا شکریہ

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی معاونت سے پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن اسمبلی ملیکہ بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔ مریم نواز نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ملیکہ بخاری کا نام نو فلائی لسٹ سے نکلوایا۔

ملیکہ بخاری نے ہفتے کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہوں نے آسٹریلیا اپنی بیمار بڑی بہن سے ملنے جانا ہے تاہم گزشتہ ایک سال سے ان کا نام نو فلائی لسٹ میں ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ ان کی بڑی بہن وینٹیلیٹر پر ہیں اور وہ زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں اور ان کے پاس صرف 24 گھنٹے کا وقت ہے۔

مریم نواز نے ان کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متعلقہ حکام سے بات کریں گی، امید ہے کہ آپ نے اس سلسلے میں درخواست دی ہوگی۔

بعدازاں بیرون ملک اجازت ملنے پر ملیکہ بخاری نے مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شکریہ کی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی بروقت مداخلت کا شکریہ، مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ میرا نام نو فلائی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

واضح رہے 9مئی کے واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے دیگر کارکنان سمیت ملیکہ بخاری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

 25 مئی کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا تھا اور ملیکہ بخاری نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp