پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس اور کتنی مہنگی ہوگی، عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔ کسانو ں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے۔ کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں خصوصی اجلاس ہوا۔ نواز شریف نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں۔ آڑھتی اور ملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے۔ بعد ازاں اجلاس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لیے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور جامع پلان طلب کرلیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے، ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم لائے گی۔
مزید پڑھیں
مریم نوازشریف نے کہا کہ کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ لاگت میں کمی اور فصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماضی میں خریداری قیمت سے کم پر ملوں کو گندم فراہم کرتی تھی،غریب اور امیر کی سبسڈی ایک جیسی تھی۔ 630 ارب روپے کا گردشی قرضہ حکومت پر چڑھ گیا، اگر اصلاحات نہ کی جاتیں تو 1.1 ٹریلین تک قرضہ پہنچنے کا خدشہ تھا۔ روزانہ 25 کروڑ صرف قرض کے سود کی مد میں ادا کیا جا رہا تھا، حکومت نے گندم پر جنرل سبسڈی ختم کردی ہے۔
اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر زراعت سید عاشق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری، ایس ایم بی آر، سیکریٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب کے 3 شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ، ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کیا گیا جبکہ پنجاب کے 3 شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے ہدایت کی کہ طلبا کے لیے بائیک کی تعداد مزید بڑھائی جائے۔ طلبہ کے لیے بائیک کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے۔ طلبہ کا مالی بوجھ بٹانا حکومت کی زمہ داری ہے۔ عوام کے لیے بس کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کیا جائے۔
اجلاس میں 20 ہزار الیکٹرک اور پیٹرول بائیکس پراجیکٹ اور 5 شہروں میں 657 بس سروس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ طلبہ کو 19 ہزار پیٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی۔ پنجاب بھر میں ٹریفک لائیسنس کے حامل اسٹوڈنٹس کو بائیکس دی جائیں گی۔
بتیا گیا کہ بینک آف پنچاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک دی جائیں گی، سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔پیٹرول بائیک کی ماہانہ قسط 5 ہزار اور ای بائیک کی قسط 10 ہزار سے کم ہوگی۔ مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے گی۔ شہروں میں میل اور فی میل سٹوڈنٹس کے لیے 50،50 فیصد کوٹہ مختص ہے جبکہ دیہات میں 70 فیصد طلبا اور 30 فیصد کوٹہ طالبات کے لیے مختص ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ عید سے پہلے درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا جائے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور کے لیے 300، راولپنڈی 78، ملتان 100 فیصل آباد 110 بہاولپور 42 ہائبرڈ ڈیزل بسیں لائی جائیں گی۔27 مکمل الیکٹرک بسیں لاہور میں چلائی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسوں کا کرایہ کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، فنانس،ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، چیئرمین پی آئی ٹی بی، بینک آف پنجاب سے نوفل داؤد اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔