پی ٹی آئی کا بیانیہ فوج مخالف، ہوش کے ناخن نہ لیے تو نتائج خطرناک ہوں گے، رانا ثنااللہ

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا اندرونی بیانیہ فوج کے خلاف ہے، اگر انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ عمران خان اور اس کی جماعت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہیں جس کے ثبوت موجود ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ شہدا کے خلاف پروپیگنڈا پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہو رہا ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ تحریک انصاف نے سیاسی اختلاف کو دشمنی میں تبدیل کر دیا ہے، دو سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلاف کی بھی کچھ حدود و قیود ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی جس طرح اداروں کے ساتھ اختلاف کر رہی ہے یہ ریڈ لائن کو کراس کرنے والی بات ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کا ٹرائل فوری ہونا چاہیے اور سزائیں ملنی چاہیئیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے شہدا کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی مخالف سیاسی جماعتیں یہ الزام عائد کر رہی ہیں کہ یہ سب پی ٹی آئی کی جانب سے ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی مسلسل اس بات کی تردید کر رہی ہے کہ پاک فوج اور شہدا کے خلاف سوشل میڈیا مہم سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp