پنجاب کی صوبائی کابینہ نے سال 2023-24 ء کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کرتے ہوئے لاہور نالج پارک کو پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نالج سٹی میں دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے تیسرے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لیے اراضی سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو منتقل کی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ملک کی پہلی آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں، جس میں گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں۔
کابینہ نے پنجاب بینک کی جانب سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری بھی دی، مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ضروری ہے لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے، طلباء پر بوجھ کم کرنے کیلئے ڈاؤن پیمنٹ کم کر کے 25 ہزار اور ماہانہ قسط بھی پانچ ہزار سے کم ہوگی، رواں سال مئی سے بائیکس کی تقسیم شروع کی جائے گی، امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے لیے اس حوالے سے الگ اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب ایئر ایمولینس پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایئر ایمبولینس پروجیکٹ کی آزمائشی بنیادوں پر آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بڑے لوگوں کے لیے سب سہولتیں ہیں، غریب آدمی کی زندگی بچانے کے لئے کچھ نہیں، اپنے لوگوں کو بروقت علاج کی ہر سہولت دینا چاہتے ہیں۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں ہارٹ ٹیک کے مریضوں کے علاج اور منتقلی کی مناسب سہولتیں نہ ہونا افسوس ناک ہے، دفاتر میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی ضرورت نہیں، مگر اس کی ضرورت ہے، ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی میں ایئر ایمبولینس کے لیے 11 سو کالیں موصول ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں غریب آدمی کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی، کتنے دکھ کی بات ہے کہ سینیٹری ورکرز سیفٹی کٹ نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، لاہور پی آئی سی ایمرجنسی میں ہارٹ اٹیک کے مریض دوردراز علاقوں سے 8 گھنٹے میں پہنچے۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب میں لا افسروں کی تعداد 66 کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی، اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں ساڑھے 12 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے صرف سیاسی فائدے کے لیے فیصلے نہیں کرنے، انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی کی سفارش کی ہے نہ کریں گی، کسی افسر کی تعیناتی کا نہیں کہا، سرکاری ملازمت میں کرپشن، سیاسی وابستگی اور نا اہلی برداشت نہیں ہو گی۔
صوبائی کابینہ نے اپنے تیسرے اجلاس میں عدالتی ہدایت پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری سمیت سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی اصولی منظوری دیدی، اسی طرح مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ 19 کی آسامی کی بھی منظوری دی گئی۔