پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے جنرل سیکریٹری حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حماد اظہر نے لکھا کہ بہت سوچ وچار کے بعد میں نے تحریک انصاف پنجاب کی صدارت اور جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بہت سوچ وچار کے بعد میں نے تحریک انصاف پنجاب کی صدارت اور جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں سمجھتا ہو کے اس وقت پارٹی کی پنجاب میں موثر قیادت کے لئے گراؤنڈ میں موجود ہونا اور قائد عمران خان تک براہ راست رسائی ضروری ہے۔ میں البتہ بطور کارکن کام کرتا رہوں گا۔ pic.twitter.com/p69MN7w5FC
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) March 20, 2024
حماد اظہر نے لکھا کہ میں سمجھتا ہوں اس وقت پارٹی کی پنجاب میں موثر قیادت کے لیے گراؤنڈ میں موجود ہونا اور قائد عمران خان تک براہ راست رسائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں ایک کارکن کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھوں گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے حماد اظہر کا استعفیٰ مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ حماد اظہر سانحہ 9 مئی کے بعد سے روپوش ہیں، وقتاً فوقتاً وہ سوشل میڈیا پر بیانات دیتے رہتے ہیں مگر سامنے نہیں آ رہے۔
حماد اظہر نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم اعتراض عائد ہونے کے بعد انہوں نے الیکشن سے ہی دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔
اب حماد اظہر ضمنی انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں اور انہوں نے این اے 119 اور پی پی 164 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، مگر ان کے کاغذات نامزدگی پر ایک بار پھر اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔