جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن: آٹھ دہشت گرد ہلاک، دوبچے بھی زد میں آگئے

بدھ 15 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی وزیرستان کے دورافتادہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بدقسمتی سے فائرنگ کے تبادلے میں دو بجے بھی شہید ہوگئے۔

بدھ کو رات گئے آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے زنگاڑہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے جب کہ دو فوجی زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے میں مارٹر گولوں کا استعمال بھی کیا گیا۔
اس سے قبل مقامی افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ تحصیل لدھا کے گاؤں زنگاڑہ خدر خیل مارکیٹ میں مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے تاہم حکام نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

وی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر جنوبی وزیرستان نے دو بچوں کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ دورافتادہ ہے اور رابطے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ اس لیے فی الوقت تصدیق نہیں ہوسکی کہ اصل میں کیا واقعہ ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر شبیر حسین مروت نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈرون حملے کی تصدیق نہیں کی تاہم انہوں نے بتایا کہ پولیس معلومات حاصل کر رہی ہے۔

دوسری جانب علاقے میں ڈیوٹی دینے والے ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مقامی افراد نے خون میں لت پت دو بچوں کو سراروغہ اسپتال منتقل کیا جہاں ڈیوٹی پر موجود میڈیکل اسٹاف نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی اور لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے جسموں کی حالت دیکھ کر لگتا تو ایسا ہی تھا کہ وہ کوئی شدید قسم کا حملہ تھا تاہم ابھی پورے یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ وہ ڈرون حملہ ہی تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بچوں کی عمر پانچ سے چھ سال کے درمیان ہے جن کی شناخت انعام اللہ اور شاہد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

مقامی تحصیل ناظم شاہ فیصل غازی نے بتایا کہ حملہ زنگاڑہ خدرخیل مارکیٹ میں ایک دکان پر ہوا۔ جس مارکیٹ میں کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا حملہ بہت عرصے بعد ہوا جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp