ڈونلڈ لو کے بیان کے دوران امریکی شہری کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ، ویڈیو وائرل

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 امریکہ کی کانگریس کی خارجہ اُمور کمیٹی میں پاکستان میں انتخابات سے متعلق ہونے والی سماعت کے دوران ڈونلڈ لو کا بیان پاکستان میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بریفنگ کے دوران امریکہ کے معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی اُمور ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ امریکہ یا میں نے عمران خان کی حکومت کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے تھے۔ عمران خان کی حکومت گرانے میں امریکی مداخلت کے الزامات جھوٹ اور سازشی تھیوری پر مبنی تھے، ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے عمل میں ملوث نہیں تھے۔

ڈونلڈ لو نے جب کہا کہ سائفر جھوٹ ہے تو ساتھ ہی ’جھوٹا جھوٹا‘ اور ’عمران خان کو رہا کرو‘ کی آوازیں آنا شروع ہو گئیں،  سماعت کے دوران عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ اس موقع پر عمران خان کے حق میں نعرے لگانے والے افراد کو ہال سے باہر نکال دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سابق نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے وہ نکلے۔

پی ٹی آئی کی حامی صارف لکھتی ہیں کہ امریکی عدالت میں ڈونلڈ لو کے شیم شیم کے نعرے لگ گئے، اس ویڈیو کو وائرل ہونا چاہیے۔

کاشف بلوچ لکھتے ہیں کہ عمران خان  جیل میں بیٹھ کر انہیں صحیح گھسیٹ رہا ہے،عمران خان کی حکومت نہ گرانے کا جھوٹ بولنے پر ڈونلڈ لو کے خلاف نعرے لگ گئے۔

صحافی اسامہ غازی نے لکھا کہ ڈونلڈ لو غلط جگہ پھنس گیا ہے اور اب اس سے نکلا نہیں جا رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2برس کے دوران امریکی سفارت کار کا نام پاکستان کی سیاست میں گونجتا رہا ہے۔ عمران خان اپریل 2022 میں اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپنی حکومت کے خاتمے کے لیے امریکہ کو ذمے دار قرار دیتے آئے ہیں۔

عمران خان نے ایک جلسہ عام میں یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ ڈونلڈ لو نے واشنگٹن ڈی سی میں متعین پاکستان کے سفیر کو حکومت میں تبدیلی کی دھمکی دی تھی جبکہ امریکہ عمران خان کے عائد کردہ الزامات کی کئی بار تردید کر چکا ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp