دبلے پن کے شکار افراد اچھی باڈی بنانے کے لیے طرح طرح کے اقدامات کرتے ہیں لیکن کئی بار اس سب کے باوجود صحت میں کوئی بہتری نہیں آتی۔ ماہرین غذائیت کے مطابق بہت سے لوگوں کا میٹابولزم کافی اچھا ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کے جسم میں چربی نہیں رہتی لیکن خوراک میں چار خاص قسم کے جوس کو شامل کر کے اچھی باڈی بنائی جاسکتی ہے۔
کیلے کا شیک
کیلے کا شیک کئی چیزوں میں فائدہ مند ہے۔ یہ شیک جسمانی وزن میں اضافے کے علاوہ چہرے پر نکھار لاتا ہے اور دل کو بھی فائدہ پہنچاتا ہے۔ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے، نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھتا ہے۔ اس لیے آپ وزن بڑھانے کے لیے روزانہ تقریباً 2 کیلوں کا شیک لے سکتے ہیں۔ بہت سے لوگ اس میں چینی استعمال کرتے ہیں جبکہ چینی کی جگہ شہد کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔
مینگو شیک
گرمیوں کا موسم آنے والا ہے ایسے میں آپ وزن بڑھانے کے لیے مینگو شیک کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ذائقہ بڑھانے کے لیے اس میں انناس شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ دونوں اعلی کیلوریز والے کھانے ہیں۔ اس سے وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
کھجور کا شیک
کھجور کا شیک وزن بڑھانے کے لیے کافی موثر سمجھا جاتا ہے۔ یہ شیک نہ صرف وزن بڑھاتا ہے بلکہ جسم میں خون کی گردش کو بھی تیز کرتا ہے، بلڈ سیلز بناتا ہے۔ حالانکہ اس کے زیادہ استعمال سے کئی قسم کے مضر اثرات بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔ ایسی صورت میں روزانہ صرف 2 سے 4 کھجوروں کا شیک پینا چاہیئے۔
چیکو کا جوس
چیکو کے جوس میں وٹامن اے، کاربوہائیڈریٹس اور آئرن کی زیادہ مقدار ہوتی ہے۔ یہ جوس صحت مند چکنائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ بہت کم وقت میں وزن بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔