پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم کے بعد اسٹار بولر محمد عامر نے بھی اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں محمد عامر نے لکھا کہ ’میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھتا ہوں! زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لاتی ہے جہاں بعض اوقات ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی پڑتی ہے۔
مزید پڑھیں
محمد عامر نے مزید لکھا کہ ’ میرے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان کچھ مثبت بات چیت ہوئی ہے جس میں انہوں نے احترام کے ساتھ مجھے احساس دلایا کہ میری ٹیم کو ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اہل خانہ سے مشاورت کے بعد اب بھی میں اعلان کرتا ہوں کہ میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں اپنے ملک کی خاطر آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کرتا ہوں کیونکہ یہ میرے ذاتی فیصلوں پر مقدم ہے۔ سبز جرسی پہننا اور اپنے ملک کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا ہمیشہ سے میری سب سے بڑی خواہش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
اس سے قبل پاکستان کے معروف قومی کرکٹر عماد وسیم نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا تھا، عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی کے آفیشلز سے ملاقات کے بعد میں نے اس بات پر غور کیا کہ کیوں نہ ریٹائرمنٹ واپس لے لوں۔
انہوں نے کہاکہ میں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور اب قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گا۔ عماد وسیم نے کہاکہ میں قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے لیے دستیاب ہوں گا۔