’شاہد آفریدی کھل کر سامنے آئیں‘ سوشل میڈیا صارفین کے بعد شاہد آفریدی پی ٹی آئی رہنماؤں کے نشانے پر

پیر 25 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق پاکستان شاہد آفریدی گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر ہیں جس کے بعد انہیں وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا، ان کے نام سے ایک جعلی بیان منسوب کیا گیا جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ’9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو نشان عبرت بنا دو، چاہے کپتان ہو یا پوری ٹیم۔‘

جس کے بعد شاہد آفریدی کے خلاف ٹرینڈ چلنے لگے اور ان کے پرانے بیانات بھی سامنے آنے لگے جس میں وہ عمران خان کے بارے میں بات کرتے نظر آتے ہیں۔ اس کے بعد شاہد آفریدی کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا جس میں انہوں نے کہا’ عمران خان ہمیشہ سے میرے لیے آئیڈیل رہے ہیں اور ان سے انسپائر ہو کر میں نے کرکٹ شروع کی۔ اگر وہ نہیں ہوتے تو میرا نہیں خیال کہ کرکٹ میں اللہ نے مجھے جو مقام دیا وہ مجھے حاصل ہوتا۔ ایک سیاست دان کی حیثیت سے ان کے اچھے کاموں کی میں نے ہمیشہ تعریف کی ہے اور آگے بھی کرتا رہوں گا‘۔

یوٹیوبر عمران ریاض خان نے شاہد آفریدی کے حوالے سے کہا کہ شاہد آفریدی کو قوم نے آنکھوں پر بٹھایا مگر انہوں نے ملک کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں تک کو مبارکبادیں دیں، لوگوں نے اسے برداشت کیا مگر جب اپنی مقبولیت کی دھن میں مگن شاہد خان آفریدی نے پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر پر کھل کر تنقید شروع کی تو لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا تھا کہ پاکستان میں شاہد آفریدی کی طرح ان سے کمتر اور ان سے بہتر بہت سے اسٹارز موجود ہیں جو آج بھی مختلف انداز میں خود کو عوام سے جوڑے ہوئے ہیں، ان سب کی اپنی اپنی سیاسی سوچ ہے، ان میں سے کسی نے بھی عوام کی دل آزاری نہیں کی لیکن شاہد آفریدی کی نظریں شاید کسی اور ٹارگٹ پر مرکوز ہیں۔

عمران ریاض خان کا کہنا تھا کہ عہدوں کے حصول کے لیے عزت داؤ پر لگانا ایک ہیرو کو زیب نہیں دیتا، اگر بولنا ہی تھا تو شاہد آفریدی کو ظلم اور جبر کے خلاف بولنا چاہیے تھا تاکہ جن لوگوں نے ان سے پیار کیا ان کی محبتوں کا حق ادا ہوتا مگر لالہ نے ہمیشہ غلط شاٹ کھیل کر خود کو آؤٹ کروانے کی روایت برقرار رکھی، آفریدی نے ایک مرتبہ پھر غلط شاٹ سلیکشن کی۔

عمران ریاض خان کی جانب سے تنقید پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی انہیں ’ٹرول‘ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لائک، ریٹویٹ، ویوز وغیرہ کے چکر میں سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ ایک صحافی اور ٹرول میں یہ ہی فرق ہوتا ہے کہ صحافی تحقیق کرتا ہے۔ بہتان تراشی تو سب سے آسان کام ہے۔ میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ عمران بھائی میرے رول ماڈل تھے جنھیں دیکھ کر میں نے کرکٹ شروع کی ورنہ میں کرکٹر نہ ہوتا۔ جھوٹ اور پراپیگنڈا کی وجہ سے نہ میرا موقف بدلے گا اور نہ ہی اس سے تحریک انصاف یا عمران خان کی کوئی خدمت ہو گی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے شاہد آفریدی کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا جھکاؤ مسلم لیگ ن کی طرف ہے۔ شاہد آفریدی کھل کر سامنے آئیں تاکہ عوام ان کو ان کی اصل جگہ دکھا سکیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے شاہد آفریدی کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کو جھوٹ اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا’ شاہد آفریدی کے خلاف 9 مئی کو ایک مبینہ بیان کی وجہ مہم چلائی جارہی ہے، میں نے شاہد آفریدی کے خلاف مجھ سے منسوب چند بیانات دیکھے ہیں، اس لیے ہمیں جھوٹی خبروں کی تردید کرنی چاہیے‘۔

انہوں نے کہا’ شاہد آفریدی کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ عناصر ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ شاہد آفریدی عمران خان کے لیے ایک خاص احترام میں رکھتے ہیں  اور شاہد آفریدی کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں ان لوگوں کا ہاتھ لگتا ہے جو ان کے ساتھ ذاتی اسکور طے کرنا چاہتے ہیں‘۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیموں سے گزارش ہے کہ شاہد آفریدی کے بارے میں اچھی باتیں پھیلائیں، ہمیں مستقبل میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر بھی تیزی سے ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، افراد کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم میں نادانستہ شرکت کو جلد از جلد روک دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا’ میں ذاتی طور پر تصدیق کرتا ہوں کہ شاہد آفریدی کے خلاف مہم جھوٹی اور فضول ہے اور مجھے اس پر دلی افسوس ہے‘۔

شیرافضل مروت کے شاہد آفریدی سے متعلق بیان پرپی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’مروت صاحب!  آپ کا یہ جملہ قابل مذمت ہے اور فوری طور پر ڈیلیٹ کرنا چاہیے، سوشل میڈیا پر پارٹی کی اندرونی باتوں کے جواب نہ دیا کریں اور نہ ہی کمنٹ کیا کریں‘۔

اظہر مشوانی نے کہا کہ ہر دوسرے دن آپ کا کسی پارٹی لیڈر یا پارٹی کے اندرونی معاملے پر بیان آ جاتا ہے جس سے سوشل میڈیا پر ہمارے سپورٹرز کی توجہ عمران خان سمیت اہم موضوعات سے ہٹ جاتی ہے اور مختلف آرا والے گروپ آپس میں لڑنا شروع ہو جاتے ہیں، کچھ آپ کو ٹھیک کہتے، کچھ غلط اور کچھ لڑائیاں ختم کروانے میں لگ جاتے ہیں- لہذا اس سے گریز کریں

واضح رہے کہ شاہد آفریدی ان دنوں خود سے منسوب سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹ سے پوسٹ کیے جانے والے بیانات سے کافی پریشان ہیں جس کی وجہ سے انہیں تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp