آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انجمن حقوق صارفین کی جانب سے ہر روز سیکڑوں افراد کے لیے افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے۔
یہ انتظام مظفرآباد کے معروف چھتر چوک میں کیا جاتا ہے جو وزیر اعظم ہاؤس، اسمبلی، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ سے صرف چند سو فٹ کے فاصلے پر ہے۔
مزید پڑھیں
اس مقام پر ایک بڑا دسترخوان بچھایا جاتا ہے اور روزہ داروں کو مختلف اشیا سے افطاری کرائی جاتی ہے، جن میں فروٹ، پکوڑے، شربت اور کھانا بھی شامل ہوتا ہے۔ جبکہ یہاں پر افطاری کرنے والے زیادہ تر لوگ مزدور ہوتے ہیں۔
ہمارا بنیادی مقصد مزدور طبقے کو افطاری کرانا ہے، شاہد اعوان
تحریک انجمن حقوق صارفین کی جانب سے عرصہ 3 سال سے اس افطاری کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس تنظیم کے سربراہ شاہد اعوان کا کہنا ہے کہ رمضان دسترخوان کا بنیادی مقصد مزدور طبقے کو افطاری کرانا ہے۔
شاہد اعوان نے چھتر چوک میں رمضان دسترخوان کے نام سے افطاری کا انتظام کر نے کا مقصد بتاتے ہوئے کہاکہ یہاں پر بہت سارے مزدور بیٹھے ہوتے ہیں۔ وہ سارا دن اس انتظار میں ہوتے ہیں کہ انہیں کوئی کام مل جائے تاکہ وہ اپنا اور بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے کچھ کما سکیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ مزدور دوسرے شہروں سے آئے ہوتے ہیں اور یہاں پر کرائے کے کمروں میں رہائش پذیر ہوتے ہیں۔ ہماری کوشش یہ ہوتی ہے کہ ان کے لیے کوئی افطار اور کھانے کا انتظام بھی کیا جا سکے تاکہ وہ مزدور جن کو مزدوری نہیں بھی ملتی وہ بھوکے نہ سوئیں۔
میرے ساتھ نوجوان رضاکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے
شاہد اعوان نے کہاکہ ان کے ہمراہ نوجوان رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو ان کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے ایک پیغام پر حاضر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میرا مقصد ہے کہ نوجوانوں کی ایک ایسی کھیپ تیار ہو جائے جو میرے بعد بھی خدمت کا یہ سفر جاری رکھے۔