ایکس سروس مین سوسائٹی نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے اہم مطالبات کردیے

بدھ 27 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی حالیہ لہر پاک چین تعلقات میں خرابی اور سی پیک کو ناکام بنانے کی ایک مذموم سازش کا حصہ ہے۔

ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) عبدالقیوم اور دیگر نے راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم بشمول سارے ممبران ایکس سروس مین سوسائٹی دہشتگردی کے حالیہ خونی اور اندوہناک واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دشمن دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہی ہیں تاکہ یہاں بیرونی سرمایہ کاری کو روکا جا سکے اور پاکستان خوشحال نہ ہو۔

جنرل (ر) عبدالقیوم اور دیگر نے کہاکہ ہم پاکستان دشمن طاقتوں کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک پر اب تک 25 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، گوادر میں تقریبا 90 منصوبوں پر کام زور وشور سے شروع ہے جبکہ سی پیک کے دوسرے فیز میں اکنامک زون، گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تکمیل اور قومی ریلوے لائن ایم ایل ون پر کام شروع ہو گا۔

صدر ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہاکہ داسو ڈیم اب تکمیل کے مراحل میں ہے جہاں سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی تیار ہو گی اس پر 4 ارب ڈالرز ورلڈ بینک سے آئیں گے جس میں سے 700 ملین ڈالرز آ چکے ہیں، یہ ڈیم اگلے سال تک تیار ہو جائے گا۔

دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ایکس سروس مین سوسائٹی کے مطالبات

انہوں نے اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ایپکس کمیٹیوں کو فوراً فعال کیا جائے۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہاکہ افغان مہاجرین اور غیرقانونی تارکین وطن کا پاکستان سے انخلا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جہاں سیکیورٹی فورسز اپنی انٹیلیجنس، ایریل سرولینس اور دفاعی قوت کا بھرپور استعمال کریں وہیں سفارتی سطح پر پاکستان، ایران اور افغانستان مل کر اس لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہاکہ غیرملکی خصوصاً چینی انجینیئرز کی سیکیورٹی فول پروف ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp