ویٹرن صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک صحفہ پر ہی نہیں بلکہ ایک پیراگراف میں مل کر ریاست کی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
وی نیوز کے خصوصی پروگرام سیاست اور صحافت میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ جب تک ملکی مسائل کم نہیں ہونگے پیپلز پارٹی بھی موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کی سیاست مریم نواز اور بلاول بھٹو کی پرفارمنس کی بنیاد پر دیکھی جائے گی کیونکہ وفاق تک پہنچنے کے لیے مریم نواز کو اپنے والد اور چچا کی طرح پنجاب میں اپنے آپ کو ثابت کرنا ہوگا ورنہ عمران خان کی تحریک ایک منظم سیاسی جماعت بن کر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھٹو دور میں اپوزیشن کے ساتھ کیے جانے والے سلوک نے ہی مارشل لا کا راستہ ہموار کیا تھا۔
ویٹرن صحافی نے کہا کہ سپریم کورٹ اگر آج یہ سمجھتی ہے کہ ان کی پھانسی کے فیصلے میں قانونی سقم موجود تھے تو پھر یہ بھی بتایا جائے کہ قصوری کا قتل سرکاری اہلکاروں کے ہاتھوں کس کی ایما پر ہوا تھا۔
مجیب الرحمان شامی نے پروگرام میں اپنے بچپن اور صحافتی سفر کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔