موچکو پولیس کی کارروائی، 3500لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد، ملزم گرفتار

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ موچکو کی پولیس نے کارروائی کرکے ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، 3500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق موچکو چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ حب چوکی بلوچستان کی جانب سے آںے والے ٹرالر کو روکا گیا، ٹرالر کی تلاشی پر اس کے خفیہ خانوں سے 3500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا ہے، ایرانی ڈیزل کراچی اسمگل کیا جارہا تھا جس کی مالیت 8 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

پولیس نے ڈیزل اسمگلنگ میں ملوث نعمت اللہ نامی ملزم کو گرفتار کرکے برآمد شدہ ایرانی ڈیزل اور ٹرالر قبضے میں لے لیا۔

کارروائی ایس ایچ او تھانہ موچکو اور سب انسپکٹر سید محمد عدنان کی سربراہی میں چوکی انچارج موچکو جہانگیر موسیٰ نے اسٹاف کے ہمراہ عمل میں لائی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد ایران سے بلوچستان میں ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ بڑھ گئی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور کسٹم مل کر اس کا سدباب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، تاہم یہ اسمگلنگ روز بہ روز بڑھتی ہی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp