صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے دعویٰ کیا ہے کہ صوفی محمد کے دست راست سمیت مختلف دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں۔
عامر میر نے جمعرات کو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی زمان پارک موجود ہیں جبکہ ان میں صوفی محمد کا ایک رشتہ دار بھی شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ مذکورہ دہشت گرد کا تعلق تحریک نفاذ شر یعت محمدی سے ہے اور یہ اپنی کارستانیوں پر آٹھ سال جیل بھی کاٹ چکا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ان کی عدالت میں پیشی ہے اس کے بعد آپریشن کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک کے محاصرے کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے بتایا کہ وہاں عمران خان کی حفاظت پر مامور گلگت بلتستان فورس کی جانب سے کوئی گولی نہیں چلائی گئی اور نہ ہی کوئی دو پولیس فورسز ایک دوسرے کے سامنے آئیں۔
پنجاب پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانون کو اپنا راستہ بنانے کا کہا ہے اور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سو فیصد عمل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جو لوگ آئیں گے ان سے بات چیت ہوگی۔
دریں اثنا پنجاب پولیس نے مال روڈ سے زمان پارک جانے والے راستے سے کنٹینرز ہٹا کر بیریئرز لگا دیے اور وہاں پولیس اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔














