امریکا کی نیشنل ویدر سروس نے ایک نیا آن لائن ٹول متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے ماہرین موسمیاتی سیلاب کی پیشگی پیش گوئی کر سکیں گے۔
این ڈبلیو ایس نے کہا کہ نیشنل واٹر پریڈیکشن سروس مقامی اور علاقائی پیشگوئیوں کو پانی کے اعداد و شمار اور سیلاب کے نقشے اور نیشنل واٹر ماڈل کو اس نئے قومی سطح کے اس ٹول کے ساتھ جوڑتی ہے۔
این او اے اے کے نیشنل واٹر سینٹر کے ڈائریکٹر ایڈ کلارک نے کہا کہ ’ یہ آن لائن واٹر ہب انتہائی جدید ہے جو عوام کو پانی کی حفاظت اور انتظام کے لیے ٹھوس فیصلے کرنے میں مدد کرنے کے لیے معلومات فراہم کرتا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ یہ نئی سائٹ جدید سافٹ ویئر، جغرافیائی ٹیکنالوجی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھاتی ہے جو سیلاب اور خشک سالی جیسے انتہائی آبی واقعات سے پہلے آگاہی فراہم کرتی ہے۔
نئے ہائیڈروگراف کا استعمال کرتے ہوئے آن لائن ٹول میں ایک متحرک، انٹرایکٹو نقشہ پیش کیا جائے گا جو صارفین کو گزشتہ 30 دنوں میں پانی کی سطح کا مشاہدہ کرکے ملک میں کہیں بھی پانی کی صورتحال کا تجزیہ کرنے کی اجازت دے گا اور ڈیڑھ ہفتہ پہلے تک دریاؤں کے سیلاب کی پیشگوئی فراہم کرے گا۔
نیشنل واٹر پریڈیکشن سروس کی ویب سائٹ ایسے ٹولز فراہم کرنے جا رہی ہے جو سیلاب، خشک سالی اور پانی کی دستیابی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت قابل عمل ہائیڈرولوجیکل معلومات فراہم کرے گی اور شراکت داروں اور امریکی عوام کو پانی کے اسمارٹ فیصلے کرنے کے قابل بنائے گی۔