بابر اعظم ایک بار پھر ٹی20 ٹیم کے کپتان، یہ فیصلہ قومی ٹیم کے لیے کیسا رہے گا؟

اتوار 31 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اس فیصلے سے کچھ لوگ خوش اور کچھ بالکل ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔ کرکٹ تجزیہ کاروں میں کچھ لوگ اس کو بہترین اور کچھ لوگ غلط فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بابر اعظم کے نام کا ٹرینڈ چل رہا ہے، جس میں بہت سارے کرکٹ شائقین، سابق کھلاڑی، اسپورٹس جرنلسٹ اور تجزیہ کاروں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رکھا ہے۔ تاہم بابر اعظم کے چاہنے والوں نے ان کے حق میں بہت ساری ویڈیوز اور ریکارڈز ٹرینڈ میں شیئر کررکھے ہیں۔

اس دوران مشہور اسپورٹس جرنلسٹ شعیب جٹ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بابر اعظم کو کپتان بنانے کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔ جس پر کچھ صارفین نے تائید کی جبکہ زیادہ نے شعیب جٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے لکھا کہ ایک طرف اتنے سارے ایونٹس میں فیل ہونے والے کپتان کو دوبارہ کپتان بنا دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف صرف ایک سیریز میں فیل ہونے والے کپتان کو ہٹا دیا گیا ہے۔

اسی طرح پرانے صحافی و تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ نے اپنے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے سننے والوں کو ایک مہینہ پہلے ہی بتا چکا تھا کہ بابر اعظم دوبارہ کپتان بننے والے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ بابر اعظم وائٹ بال کپتان بن گئے ہیں جبکہ شان مسعود اپنی جگہ ٹیسٹ کے کپتان برقرار رہیں گے، ان کی جگہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

’جب بابر کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہاب ریاض چیف سلیکٹر تھے اب جب انہیں بحال کیا گیا تو وہاب طاقتور سلیکٹر ہیں‘۔

اجمل جامی نے لکھا کہ پی سی بی نے بابراعظم کو دوبارہ وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کا کپتان مقرر کر دیا۔ مبارک ہو بابر اعظم

انہوں نے صارفین کے لیے ایک سوال بھی چھوڑا کہ بابر کپتانی کے دباؤ کے ساتھ اور اس کے بغیر نمبر 3 پر کھیلتا ہوا کتنا اچھا تھا؟

واضح رہے بابر اعظم آئندہ ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے اور یہ ان کا ایک منفرد اعزاز ہوگا کہ پاکستان کی جانب سے کوئی کپتان تیسری بار مسلسل ٹی20 ورلڈ کپ ایڈیشن کی قیادت کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp