’کپتانی سے ہٹ کر اور خطرناک ہوجاؤں گا‘، شاہین آفریدی کی پوسٹ پر لوگوں نے کیا کہا؟

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وائٹ بال فارمیٹ کے لیے بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا اور بابر اعظم کو کپتان بنانے اور شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ شاہین آفریدی نے خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا، پی سی بی نے بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے شاہین کو کپتانی سے ہٹایا۔

اعلامیے کے مطابق شاہین آفریدی کو ہٹانے کا فیصلہ کھلاڑیوں کے طویل کیریئر اور خاص کر فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں کیا گیا۔ اس فیصلے پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ اس پر شاہین شاہ آفریدی کے سسر شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا’ مجھے سلیکشن کمیٹی میں شامل نہایت تجربہ کار کھلاڑیوں کے فیصلے سے حیرانی ہوئی، میرا ماننا ہے کہ اگر تبدیلی ضروری ہی تھی تو محمد رضوان ایک بہتر انتخاب تھے‘۔

کپتانی سے ہٹائے جانے کے فیصلے کے بعد شاہین آفریدی نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ Unstoppable، اس پوسٹ کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف رد عمل سامنے آ رہے ہیں۔

علی ریحان نے شاہین آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ خواب سے بیدار ہو جائیں، جب سے آپ کی شادی ہوئی ہے آپ کی پرفارمنس میں کمی آئی ہے اور آپ مجھے سپیڈ بریکر کی یاد دلاتے ہیں۔

ایک صارف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تصویر پر شاہین آفریدی کا چہرہ لگا کر لکھا کہ کپتانی سے ہٹ کر اور خطرناک ہو جاؤں گا۔

بخت شیر نامی صارف لکھتے ہیں کہ اپنی باؤلنگ پر توجہ دیں۔ خود کو بلے باز نہ سمجھیں اور شاہد آفریدی کی نصیحتوں پر عمل نہ کریں۔

ایک ایکس صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بابر اعظم کو تو کپتان بنانے سے روک نہیں پائے آپ۔

یاد رہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابر اعظم نے 15 نومبر کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

شاہین کی زیر قیادت قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ میں ہونے والی ایک ہی سیریز میں شرکت کی تھی اور ٹیم کو 1-4 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بعد ازاں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی ان کی ٹیم لاہور قلندرز ناقص کارکردگی کی وجہ سے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی۔ اسی دوران شاہین کو قیادت سے ہٹانے کی بازگشت شروع ہو گئی تھی اور اب ایک بار پھر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔

اس سے پہلے 2019 میں بابر اعظم کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنایا گیا پھر 2020 میں وہ ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان بنے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp