راحت فتح علی خان کو ’منافق‘ کیوں کہا؟ گلوکار ساحر علی بگا کی وضاحت

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا نے نامور گلوکار، موسیقار راحت فتح علی خان کو ’منافق‘ کہنے کی وجہ بتادی۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی سائیٹ فیس بک پر تفصیلی نوٹ لکھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ راحت فتح علی خان پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ہیں۔

ساحر علی بگا نے لکھا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی کہ پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا تک پہنچائیں اور اس کے لیے یوسف صلاح الدین نے ان کی مدد کی۔ گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ’ضروری تھا‘ کے نام سے ایک گانا تخلیق کیا تھا، اس کے بارے میں انہیں خود یقین نہیں تھا کہ یہ پاکستان میوزک انڈسٹری کا ایک تاریخی گانا بنے گا۔

ساحر علی بگا نے لکھا کہ اس پروجیکٹ کے ہیرو راحت فتح خان ہی انہیں کریڈٹ دے سکتے ہیں لیکن کسی وجہ سے وہ نہیں دے رہے۔ راحت فتح علی خان کو وضاحت کرنی چاہیے کہ وہ ’ضروری تھا‘ کی کامیابی کا کریڈٹ انہیں کیوں نہیں دے رہے۔ اُنہوں نے مزید لکھا کہ اگر میں نے کسی کو منافق کہا ہے تو میں نے ہر اس شخص کو منافق کہا ہے جو حق کو چھپانا چاہتا ہے اور کسی کا حق مارنے کی کوشش کرتا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میرے پاس اور یوٹیوب پر بھی کئی ثبوت ہیں جہاں راحت فتح علی خان نے مجھے میرے کام کا کریڈٹ نہیں دیا، میں اب بھی درخواست کرتا ہوں کہ مجھے کریڈٹ دیا جائے کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ مجھے آئیڈیلائز کرنے والے جونیئرز اپنے کیریئر میں اسی طرح کے مسائل کا سامنا کریں جن کا سامنا میں کر رہا ہوں۔ میرا کسی کو برا کہنے کا ہرگِز کوئی ارادہ نہیں ہے، شکریہ۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ساحر علی بگا کی پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’خدا کی لعنت ہو منافق پر‘ اور پھر لکھا کہ راحت فتح علی خان درندہ صفت ہونے کے ساتھ منافق بھی ہیں۔

پوسٹ وائرل ہونے کے بعد ساتھی گلوکار علی ظفر نے ساحر علی بگا کو لکھا کہ میں آپ سے درخواست کروں گا کہ مہربانی کرکے رمضان کا احترام رکھیں۔

علی ظفر کی پوسٹ پر ساحر علی بگا نے جواب دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کسی کے بارے میں کوئی معلومات یا سچائی شیئر کرنے کے لیے معذرت خواہ ہیں اس لیے وہ اب پوسٹ ڈیلیٹ کررہے ہیں۔

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by lollywoodspace (@lollywoodspace)

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp