پاکستان کو پولیو فری قرار دینے کے لیے ملک بھر میں ایک عرصہ سے جاری انسداد پولیو مہم کی کاوشوں کو دھچکا پہنچا ہے کیوں کہ رواں برس میں دنیا کا پہلا پولیو کیس کی تشخیص پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کی گئی ہے ۔
وزارت صحت نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے اس سال کے پہلے پولیو کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ضلع بنوں کی یونین کونسل باکا خیل کے رہائشی تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہے۔ گزشتہ سال بھی پاکستان سے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز صوبہ خیبرپختونخوا سے تھے۔
عالمی طریقہ کار کے مطابق ایک سال تک زیرو پولیو کیس رپورٹنگ کے بعد مزید دو سال تک زیرو کیس رپورٹنگ برقرار رکھنے کے بعد ہی عالمی ادارہ صحت کسی بھی ملک کو پولیو فری قرار دیتا ہے۔
لگ بھگ دنیا بھر سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے تاہم پاکستان اور افغانستان سمیت کچھ افریقی ممالک اب بھی عالمی ادارہ صحت کو پولیو کیسز رپورٹ کررہے ہیں۔
پاکستان سے گذشتہ برس یعنی 2022 میں 20 پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ شمالی افریقہ کے ملک موزمبیق سے 8 جبکہ افغانستان سے پولیو وائرس کے 2 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
پولیو کی خطرناک قسم وائلڈ پولیو وائرس ون کا تقریباً پوری دنیا سے خاتمہ ہو گیا ہے اور رواں سال ابھی تک کسی ملک سے پولیو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
تاہم آج وزارت صحت نے پاکستان سے پولیو وائرس کے پہلے کیس سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔ رواں سال کسی اور ملک سے پولیو وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
پاکستان سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پولیو مہم آج بھی جاری ہے۔ رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف نے 11 جنوری 2023 کو کیا تھا جس کے بعد 12 فروری کو 39 اضلاع میں جب کہ 13 مارچ سے 29 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔