پاکستانی سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کا شدت سے انتظار کرنے والے شائقین کے لیے خوش خبری، فلم ‘عمرو عیار’ کا صرف ٹریلر ہی جاری نہیں کیا گیا بلکہ عید الاضحیٰ پر اس فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
فلم ‘عمرو عیار’ کے مختصر دورانیے کے ٹریلر میں اداکار عثمان مختار کو عمرو عیار کے مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر میں اداکار عدنان صدیقی کو عثمان مختار کے والد کے طور پر دکھایا گیا ہے جو انہیں بچپن میں طلسمی دنیا کے قصے کہانیاں سناتے ہیں۔
ٹریلر میں عثمان مختار کو کالج کے پروفیسر کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے جو جنوں بھوتوں سے متعلق اپنے طلبہ کے درمیان ہونے والی گفتگو پر غصہ کرتے نظر آریے ہیں۔
ٹریلر میں صنم سعید کو عمرو عیار کے ساتھی کے طور پر پیش کیا گیا ہے جبکہ حمزہ علی عباسی، سیمی راحیل، ثنا نواز اور منظر صہبائی سمیت دیگر اداکاروں کو بھی فلم میں اپنے اپنے کردار ادا کرتے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی شائقین طویل عرصے بعد کسی پاکستانی سائنس فکشن فلم میں جدید ٹیکنالوجی اور افیکٹس کا استعمال بھی دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ ابتدائی طور پر فلم ‘عمرو عیار’ کا نومبر 2021 میں ٹیزر جاری کیا گیا تھا اور2022 میں اسے ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم فلم کو بتائے گئے شیڈول کے مطابق ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔