عید کے پہلے 2 دنوں میں کتنے سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا؟

جمعہ 12 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی عیدالفطر کے موقع پر سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔

محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، عید کے پہلے 2 روز کے دوران 1 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

 

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت سیاحوں کا بڑی تعداد میں صوبے میں سیاحتی مقامات کی جانب رخ کرنا خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ ‘کائٹ’ پراجیکٹ کے زیر نگرانی ٹورازم ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔

مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ ٹورازم ہیلپ لائن کے ذریعے سیاحوں کو ہر قسم کی معلومات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور ٹورازم پولیس کے جوان سیاحتی مقامات پر بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp