خیبرپختونخوا بارشیں: سردی کی شدت میں اضافہ، مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی

ہفتہ 13 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر حادثات بھی پیش آئے ہیں۔

ریسکیو1122 کے مطابق لوئر چترال میں مٹی کا تودہ گرنے سے 2 گھروں کو نقصان پہنچا، حادثے میں ایک بچی بھی زخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

بارش کے باعث سیلاب سے چترال میں متعدد مقامات پر سڑکیں بھی بلاک ہوگئیں، جس کی وجہ سے اپر چترال کا رابطہ لوئر چترال سے منقطع ہوگیا ہے، دورش کے مقام پر بھی روڈ بند ہے۔

کالام میں بھی رابطہ سڑکیں متاثر ہوگئیں جس کی وجہ سے سیاح پھنس گئے۔ سوات میں لینڈ سیلائیڈنگ سے بحرین اور کالام روڈ بھی بند ہوگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مالاکنڈ اور ڈی سی سوات کو سڑک کھولنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، سڑک کی بندش کی وجہ سے علاقے میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو درکار سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبے میں جاری بارشوں کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ الرٹ رہے۔

علی امین گنڈا پورنے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو فوری ریلیف اور بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں، اور حالیہ بارشوں میں پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp