بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق، ایک زخمی

ہفتہ 13 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ بلوچستان  کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

مغربی ہواؤں کے سبب جمعہ سے بلوچستان میں بارشیں برسانے کا سسٹم داخل ہوا جس کے بعد گزشتہ روز سے کوئٹہ سمیت صوبہ کے 27 اضلاع میں کہیں گرد آلود ہوائیں، کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ متعدد علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

انچارج ایمرجنسی آپریشن سینٹر پی ڈی ایم اے یونس مینگل نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے 3 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ گزشتہ روز سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا جبکہ آج پشین اور ڈیرہ بگٹی میں بجلی گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔ بارشوں کے سبب ضلع پشین میں 15 مکانات متاثر ہوئے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنا اوڑک میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلہ سڑک پر آگیا جس کے نتیجے میں سڑک مکمل بند ہو گئی۔ ریسکیو ٹیمیں راستے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کوشاں ہیں۔ صوبے کے ساحلی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

دوسری طرف بارشوں کے سبب کوئٹہ کراچی، کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ پر آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے میں بھی صوبہ کے 27 اضلاع میں جاری رہنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp