ترجمان جمیعت علما اسلام ف اسلم غوری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں شیر افضل مروت جیسے لوگوں کو لگام دیں، اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے بازی قابل مذمت ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے گزشتہ روز پشین میں ہونے والے جلسے میں مولانا کے خلاف ہونے والی نعرے بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشین جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی یہ حکمت عملی کہ بغل میں چھری اور منہ میں رام رام، عوام کے سامنے آچکی ہے۔ شیر افضل مروت جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ جلسے میں کسی کوگالی نہیں دیں گے، لیکن لگتا ہے تحریک انصاف کی سیاست صرف سیاسی قائدین کوشیرافضل جیسوں سے گالیاں دلوانا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ ناکام جلسے کو شاید ایسے نعرے لگوا کر میڈیا اور عوام کی توجہ کامرکز بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہی تھے جنہوں نے پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا تھا، اب بھی اگر منہ کو نہ سنبھالا گیا، تو اپوزیشن کرنے کے قابل بھی نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد کی جانب سے پشین میں جلسہ کیا گیا، جہاں شیر افضل مروت کی تقریر کے دوران لوگوں نے ڈٰیزل ڈیزل کے نعرے لگانا شروع کردیے جس پر شیر افضل مروت نے عوام کو روکتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ نعرہ نہ لگاو کیونکہ ہماری بات چیت چل رپی ہے۔