پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز بارش کے باعث خیبرپختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں 4 افراد جانبحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جانبحق افراد میں 3 بچے اور ایک مرد جبکہ زخمیوں میں 3 خواتین، 3 مرد اور 1 بچہ شامل ہے۔ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 15 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
‘جس میں سے 2 گھروں کو مکمل جبکہ 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے’۔
رپورٹ کے مطابق تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر، چترال لوئر، سوات اور بونیر میں رونما ہوئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔ لوئر چترال کے متاثرین کے لیے پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاوس سے 200 خیمے راوانہ کر دیے گئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اضلاع میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چترال لوئر میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، مزید بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے، تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔
دوسری جانب بارشوں کے باعث کالام پیشمال لائی کوٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ریسکیو 1122 کے اہلکار مسلسل روڈ کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔