بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث کیچ کے علاقے میں مختلف مکانات منہدم ہوئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث فصلوں اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا، گومازی پل اور کئی سڑکبہہ گئیں، بلیدہ میں متعدد کچے مکانات اور باؤنڈری والز منہدم ہوئیں۔ شدید بارشوں سے گندم کی فصل متاثر، سولر پینلز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریسکیو ٹیموں نے نیہانگ دریا کے پانی میں پھنسے 10 افراد کو ریسکیو کیا، پنجگور میں طوفانی بارش کے باعث کئی مکانات منہدم ہوئے۔
ضلعی انتطامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ، پسنی، گوادر، سبی، بارکھان، دالبندین، تربت، پنجگور، لسبیلہ، خضدار، بارکھان اور سبی میں بارش ہوئی۔
بارشوں کا یہ سلسلہ مزید ایک سے 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، سب سے زیادہ پسنی میں 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین 28، تربت 18، پنجگور 10، لسبیلہ 9، جیونی 8 ارو خضدار میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارکھان6، گوادر 5، کوئٹہ 3 اور سبی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں خنکی بڑھ گئی ہے۔