عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا، مریم اورنگزیب

ہفتہ 18 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک چور، کرپٹ، دہشتگرد کھلے عام پھر رہا ہے۔ توشہ خانہ کیس گذشتہ برس اگست سے چل رہا ہے اور ابھی تک عمران خان ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے۔

’عمران خان کے اوپر فارن فنڈنگ کا کیس ہے، ٹیریان وائٹ کا کیس ہے اور توہین عدالت زیبا جج صاحبہ کا کیس ہے، آج عمران خان ڈنڈے لے کر ، غلیلیں لے کر، کالعدم تنظیموں کے نمائندے لے کر عدالت جا رہے ہیں۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کے پاس سپورٹرز اور ووٹرز ہوتے ہیں ان کو اپنے تحفظ کے لیے کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے لوگوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ عدالتوں میں کلاشنکوف، غلیلیں اور ڈنڈے لے کر نہیں جاتے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اگر توہین عدالت ہو جائے تو انہیں سزا ملتی ہے اور اگر عمران خان کے کارکناں کی جانب سے پولیس والوں کے سر پھاڑے جائیں ، پولیس اور رینجرز کی گاڑیوں پر پٹرول بم پھینکیں جائیں تو ان کو کوئی سزا نہیں ملتی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  نواز شریف اپنے خلاف قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔

’ہمارے لوگ جب عدالتوں میں جاتے تھے تو کہا جاتا تھا کہ کمرہ عدالت میں اونچی آواز آئی تو ضمانت کینسل ہو جائے گی۔ پانچ منٹ لیٹ ہوئے تو ضمانت منسوخ ہو جائے گی۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے دینے والے منصف اب گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کیسز جھوٹے تھے، کلثوم نواز موت کے بستر پر تھیں نواز شریف نے چار دن کے لیے جانے کی اجازت مانگی جو انہیں نہ مل سکی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق یہ تاثر عام ہورہا ہے کہ عمران خان کے لیے عدالتوں سے ریلیف پیکیج ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے ڈر جانے کا تاثر نہیں جانا چاہییے۔

’زلمے خلیل زاد کو عمران خان کے خلاف کیسز پر تکلیف ہے تو یہ تکلیف اپنے پاس رکھے۔ پاکستان میں قانون پر عملداری ہو گی۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک شخص دن دہاڑے دہشتگردی کرتا پھرے اور اس کو ریلیف مل جائے۔ خانہ جنگی کو ہوا دینے والے ، ایسے شخص کو ریلیف دینے والا کل کا مجرم ہو گا۔‘

مریم اورنگزیب کے مطابق عمران خان آج گلگت بلتستان کے وزیر اعلی کے ہمراہ اسلام آباد جارہا ہے۔ پہلے خیبر پختونخوا پولیس کو استعمال کرتا تھا اور اب جی بی پولیس کو استعمال کر رہا ہے۔

’ملک کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ ملک کے اندر دہشتگردی دوبارہ آنے کا ذمہ دار بھی عمران خان ہے۔ اس کو کٹہرے میں لانا لازمی ہو گا۔ آئینی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس کو کہٹرے میں لائیں۔‘

وزیر اطلاعات نے کہا کہ زمان پارک میں اسلحہ لے کر دہشتگردوں کو بٹھایا ہوا ہے۔ ’جن سیاسی جماعتوں کے پاس عوام کی طاقت ہوتی ہے وہ دہشتگردوں، کلاشنکوف اور پیٹرول بم کا سہارا نہیں لیتے۔‘

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ریاست بچاتے ہوئے ملک کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرے گی۔ ’ریاست کی رٹ قائم کرنا صرف حکومت کی ہی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے۔‘

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp