ملت ایکسپریس واقعہ: قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، انکوائری رپورٹ 3 دن میں آجائے گی، پاکستان ریلویز

منگل 16 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ریلویز نے کہا ہے کہ ملت ایکسپریس واقعہ سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، واقعہ کی انکوائری جاری ہے اور اس کی رپورٹ 3 دن میں وزارت ریلویز میں جمع کرادی جائے گی۔

پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں، ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساؤتھ زون کی سربراہی میں واقعہ کی انکوائری جاری ہے، انکوائری رپورٹ 3 روز میں وزارت ریلوے میں جمع کرا دی جائے گی اور میڈیا سے بھی شیئر کی جائے گی۔

’ہاتھ اٹھانے‘ پر کانسٹیبل کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز نے کہا کہ کسی مسافر کے ساتھ ناروا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، مسافر ہمارا قیمتی ترین اثاثہ ہیں، اگر ان کا خیال نہیں رکھیں گے تو ریلوے ایک قدم آگے نہیں بڑھ سکتا۔

عامر علی بلوچ نے مزید کہا کہ ملت ایکسپریس واقعہ پر مسافر کے ساتھ ہیں، ’ہاتھ اٹھانے‘ پر کانسٹیبل کو سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

’مریم بی بی کے گرنے کے موقت کانسٹیبل حیدرآباد میں موجود تھا‘

دریں اثنا، ڈی آئی جی ریلوے ساؤتھ زون عبداللہ شیخ کی سربراہی میں قائم کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سی ای او کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کانسٹیبل کے کال ریکارڈ، اسٹیشن پر اس کی حاضری اور عینی شاہدین کی شہادتوں سے مریم بی بی کے ریل گاڑی سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے وقت مذکورہ کانسٹیبل کی حیدرآباد میں موجودگی پائی گئی ہے جبکہ خاتون کی نعش چنی گوٹھ میں ملی ہے جو ملتان ڈویژن میں واقع ہے۔

آئی جی ریلویز نے ڈی آئی جی ریلویز ساؤتھ کو کیس کا ہر ممکن زاویے سے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین ریلویز کو بھی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں پولیس اہلکار کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

چلتی ریل سے کودنے والی 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ چک 40 موڑ فیصل آباد سے تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp