وفاقی وزیر داخلہ راثنااللہ نے کہا ہے کہ زمان پارک میں بم بنانے کی فیکٹری لگی ہوئی اور پولیس نے تمام دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بم برآمد کرلیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٗئی) کی رہاش گاہ زمان پارک کو نوگو ایریا بنالیا گیا تھا جسے پولیس نے کارروائی کرکے کلیئر کروالیا۔
رانا ثنااللہ نے اپنی گفتگو میں یہ انکشاف کیا کہ زمان پارک میں بم بنانے والی فیکٹری تھی اور رہائش گاہ میں بلٹ پروف بنکر بھی بنا ہوا ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کرکے تمام دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بم برآمد کرلیے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مریم نواز کے خدشات 200 فیصد درست تھے اور آج ہونے والی کارروائی کے دوران پولیس پر اندر سے فائرنگ بھی ہوئی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ پولیس نے شرپسندوں کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا اور کارروائی کے دوران کالعدم تنظیموں کے کارکنان موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں مگر ان سارے مقدمات میں انہیں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ گھر کے جس حصے میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی موجود ہیں وہاں پولیس اہلکار نہیں گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئی جی پنجاب کچھ دیر میں پریس کانفرنس کے ذریعے تمام صورتحال سے آگاہ بھی کریں گے۔
اپنی گفتگو میں راناثنااللہ نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے مگر یہ عجیب لندن پلان ہے کہ ابھی مقدمہ درج نہیں ہوتا اور اس کی ضمانت ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان مذاکرات چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف سے رابطہ کریں۔














