آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت پر زور دیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے وفد کے دورے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے لیے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے باہمی فائدہ مند نتائج کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا دورہ مفید ثابت ہوا، سرمایہ کاری کے حوالے سے ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔