پنجاب میں کسی بھی علاقے کو نوگو ایریا نہیں بننے دیں گے: صوبائی وزیراطلاعات عامر میر

ہفتہ 18 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کسی بھی علاقے کو نوگو ایریا نہیں بننے دیں گے۔ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ انتخابات وقت پر ہوں گے۔

لاہور میں آئی جی پنجاب پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ زمان پارک آپریشن کے دوران مزاحمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس پر پیٹرول بم سے حملے کیے۔

’تاہم پولیس نے ایکشن لے کر نوگو ایریا کو کلیئر کرلیا ہے۔ شر پسند عناصر کے خلاف کیسز بھی درج کیے گئے ہیں۔‘

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب وارنٹ گرفتاری کی تکمیل کی کوشش کے دوران لاہور پولیس کو شدید مزاحمت سامنا رہا اور پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بموں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا اور کروڑوں روپے کی املاک کا نقصان کیا۔

’اسی حوالہ سے آج پنجاب پولیس نے ایک ایکشن کیا تاکہ زمان پارک جو نو گو ایریا بنا ہوا تھا وہاں معاملات ٹھیک ہو سکیں۔‘

اس موقع پر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور  نے زمان پارک سے برآمد کیا گیا اسلحہ دکھاتے ہوئے بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم اور پی ایس ایل کی وجہ سے آپریشن روکا ہوا تھا۔ ان کے مطابق آج کی کارروائی ریاست کی رٹ قائم نہ کرنے پر پولیس پر اعتراضات کا جواب ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس نے آج کی کارروائی میں قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں پر حملے میں ملوث 61 کارکنوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سائنسی بنیادوں پر پی ٹی آئی کے تمام گرفتار کارکنوں کو شناخت کرکے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب پولیس نے بتایا کہ زمان پارک میں واقع عمران خان کی رہائش گاہ سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔ ایسے بیشتر کارکنوں کو جیو فینسنگ اور جیو ٹیگنگ کے بعد نشاندہی کیئے گئے 60 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق انہوں نے جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ کرتے ہوئے انٹلی جنس رپورٹس کی بنیاد پررپورٹ تیار کی اور زمان پارک کو کلیئر کرتے ہوئے مزاحمت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

’رینجرز اور پولیس کی گاڑیوں پر بھی پیٹرول بم سے حملے کیے گئے۔ ہم نے 24 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی کی۔  ہماری طرف سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی۔ کوئی ایک بے گناہ شخص بھی گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔‘

آئی جی پنجاب پولیس کے مطابق عدالتی ہدایات کے مطابق پولیس ابھی زمان پارک میں موجود ہے اور سرچ وارنٹ کے ہمراہ مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

’ہم اس ملک میں سیاسی اور جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ برآمد کیا گیا اسلحہ اور دیگر مواد پر پرچہ اس کے خلاف ہی درج کیا جائے جس کی قبضہ سے برآمد کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے گھر بلٹ پروف چیزیں اور بنکرز بنائے گئے ہیں جس کی متعلقہ حکام سے اجازت نہیں لی گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام گرفتار شدگان کی زندگی اور عزت کی حفاظت کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب پولیس نے گلگت بلتستان پولیس سے پنجاب پولیس کے آمنا سامنا ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پرانی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر گمراہ کن پیگنڈا کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp