خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 2 بچے جاں بحق ہو گئے، صوبے میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے ملالہ میں 2 بچے برساتی نالے میں سیلابی ریلے میں بہہ گئے، مقامی افراد نے سیلابی ریلے میں بہنے والے بچوں کو فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت نکالا اور ریسکیو ٹیموں نے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹروں نے بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی، پی ڈی ایم اے
مزید پڑھیں
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریوں کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مزید 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی ہے، جبکہ 41 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 15 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 1 ہزار 370 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ جس میں 160گھرمکمل طور پر تباہ جبکہ 1 ہزار 210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
جبکہ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات ضلع خیبر، اپر و لوئر دیر، اپرولوئر چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈی آئی خان، اورکزئی میں ہوئے ہیں۔
مٹی کا تودہ گرنے سے 3 گھر تباہ
لوئر چترال کے علاقے دروش میں رات گئے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 3 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، پولیس نے بتایا کہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا تھا، جس میں ایک شخص زخمی ہوا جبکہ 20 کے قریب گھروں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں 650 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ مویشی خانے گرنے سے 105 مویشی بھی ہلاک ہو گئے ہیں، لینڈ سلائڈنگ کے باعث بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے کام جاری ہے، چترال پشاور روڈ بحال کردی گئی ہے۔