تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دے دیا

ہفتہ 18 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کارکنان ملک گیر احتجاج کے لیے تیار ہیں جو چیئرمین عمران خان کی اجازت ملتے ہی شروع ہوجائے گا۔

لاہور میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی کارروائیاں عروج پر ہیں اور شہر فلسطین کا منظر پیش کر رہے ہیں لہٰذا پورے ملک میں احتجاج کا آغاز جلد ہی کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جسیے ہی عمران خان اجازت دیں گے یہ احتجاجی تحریک پورے ملک میں شروع کر دی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور ملک میں جمہوریت کو بچا لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور میں پولیس نے زمان پارک میں آپریشن کرتے ہوئے عمران خان کی رہائش گاہ کا دروازہ توڑ کر ان کے گھر کا کنٹرول سنبھال لیا اور مشینری سے زمان پارک کے باہر لگی تمام رکاوٹیں اور خیمے اکھاڑتے ہوئے  20 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس عمران خان کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی اور مبینہ طور پر وہاں کارکنوں اور بچوں پر لاٹھی چارج بھی کیا جبکہ وہاں شیلنگ بھی کی گئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہفتے کو زمان پارک میں جس طرح آپریشن ہوا، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ملازمین کو زدو کوب اور خواتین کو ہراساں کیا گیا وہ فلسطین کے مناظر پیش کر رہا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں خون اترا ہوا تھا اور یہ سب باقائدہ ایک ایجنڈے کے تحت کیا جارہا ہے جو مریم نواز نے طے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام پارٹیوں کے سنجیدہ افراد زمان پارک میں ہونے والی آج کی زیادتی کی مذمت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سربراہ ظل شاہ کے قتل میں ملوث ہیں اس لیے پی ٹی آئی کی حکومت آنے سے خوفزدہ ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کے حوالے سے مشہور کیا جا رہا تھا کہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گے لیکن وہ تو شیر کی طرح عدالت گئے جبکہ گیدڑوں نے ان کے گھر پر حملہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کی کوئی ساکھ نہیں ہے اور وہ اور ان کی ساتھی مریم اورنگزیب دونوں نے ہی توشہ خانہ پر شور مچایا تھا لیکن سب سے بڑے چور بھی وہ خود ہی ہیں۔

شیریں مزاری

اس موقع پر پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے زمان پارک لاہور میں واقع عمران خان کی رہائشگاہ پر پولیس کارروائی کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہتھیاروں سے لیس پولیس اس انداز سے گھسی جیسے کسی دشمن ملک کے علاقے میں داخل ہو رہی ہو اور کوئی جنگ جاری ہو۔

حماد اظہر

اس موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج زمان پارک میں جو کچھ ہوا وہ ظلم کی انتہا ہے اور اس ایکشن کے بعد ایسی کہانی بنائی گئی جیسے یہ کسی دہشت گرد کا گھر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی نے جو سکرپٹ بنایا وہ  سوالیہ نشان ہے اور اب عمران خان کی پیشی سے واپسی کے بعد ہم اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم ان کو کسی بھی صورت الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔نگران حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہوتا ہے لیکن موجودہ حکمران جو ظلم کررہے ہیں اس کا حساب دینا ہوگا۔

شہباز گل

شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مڈل کلا س سے نکل کر وزیراعظم بنا اور اب ایسی پالیسیاں بنائی جارہی ہیں کہ کوئی بھی مڈل کلاس آگے نہ آسکے اس لیے عوام کو سوچنا ہوگا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ مجھے جیل میں ننگا کر تشدد کرنے کے بعد تصاویر کس نے بنائی تھیں سب معلوم ہے۔سیاستدان جتنا بھی گر جائے مگر عورتوں بچوں اور بزرگوں کا احترام کرتاہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp