خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں گلیشئیرز پگھلنے سے سیلابی صورتحال کی وارننگ جاری

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا میں گلیشئیرز پگھلنے سے9 اضلاع میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ایک اور موسمیاتی نظام کے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، ملک بھر میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے متعدد اضلاع میں گلیشئیرز کے پگھلنے سے سیلابی صورتحال کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے 9 اضلاع چترال اپر، چترال لوئر، سوات، دیر اپر، دیر لوئر، کوہستان اپر، کوہستان لوئر ، مانسہرہ اور کُرم میں سیلابی صورتحال سامنے آسکتی ہے۔

مذکورہ اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اپنے اپنے اضلاع میں فیلڈ اسٹاف سے صورتحال کی مانیٹرنگ کروائیں، کسی بھی خطرے کی صورت میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ مقامی آبادی کو آگاہی فراہم کی جائے اور مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے بروقت انتظامات کئے جائیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان نے بتایا ’اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مذکورہ سیلابی صورتحال سے بھاری جانی و مالی نقصانات کا خدشہ ہے۔‘

انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع کنٹرول روم نمبر 1700 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔

دریں اثنا این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں ملک بھر میں 23 اپریل سے 29 اپریل تک ایک اور موسمیاتی نظام پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے لیے ملک بھر میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp