ایلون مسک کا دورہ بھارت منسوخ، انڈیا کو کتنے ارب ڈالر نقصان کا خدشہ؟

ہفتہ 20 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے بے چین امریکی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایلون مسک نے اچانک اپنی کمپنی کی بہت ’بھاری ذمہ داریوں کے پیش نظر‘ اپنا پہلے سے طے شدہ دورہ بھارت ملتوی کردیا ہے۔

ٹیسلا کے سی ای او اگلے ہفتے ہندوستان کا دورے کرنے والے تھے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات اور اس بات کی تصدیق کی توقع تھی کہ ٹیسلا دنیا کے سب سے گنجان آباد ملک میں الیکٹرک کار کی ایک فیکٹری لگائے گی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ایلون مسک کی جانب سے ان کے مجوزہ دورہ ہندوستان کے دوران 2 سے 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع تھا، جو فل الحال کھٹائی میں پڑتا نظرآرہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر، جو اب ان کی اپنی ملکیت میں ہے، ایلون مسک نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ بدقسمتی سے ٹیسلا کی بہت بھاری ذمہ داریوں کا تقاضا ہے کہ ہندوستان کا دورہ مؤخر کیا جائے، لیکن وہ اس سال کے آخر میں دورہ کرنے کے بہت زیادہ منتظر ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے ایکس پر پوسٹ کیا تھا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے متمنی ہیں۔

ایلون مسک اپنے مجوزہ دورے کے دوران بھارتی اسپیس ٹیک اسٹارٹ اپس کے رہنماؤں سے ملنے کا بھی منصوبہ بنا رہے تھے، جس میں اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے شریک بانی اور 2022 میں ہندوستان کا پہلا نجی طور پر تیار کردہ راکٹ لانچ کرنیوالے پون چندنا بھی شامل تھے، ٹیسلا کے علاوہ ایلون مسک خود بھی راکٹ کمپنی اسپیش ایکس اور سابقہ ٹوئٹر اور موجودہ ایکس پلیٹ فارم کے بھی مالک ہیں۔

ایلون مسک کا یہ دورہ دراصل ہندوستان میں دنیا کے سب سے بڑے جمہوری انتخابات کے آغاز کے چند دن بعد شروع ہونا تھا، جہاں ایک اندازے کے مطابق 1 ارب 40 کروڑ کی آبادی والے ملک میں 96 کروڑ شہری ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جس کا آغاز جمعہ کو ہوگا اور اسے مکمل ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp