بھارتی اداکار اور میزبان مکیش کھنہ نے اداکارہ زینت امان کو شادی سے قبل ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے لڑکے اور لڑکی کے ایک ساتھ رہنے کی حمایت کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر ایسی سُنائیں کہ انڈسٹری میں بھی ہلچل مچ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ روز قبل اداکارہ زینت امان نے ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے لڑکے اور لڑکی کے شادی سے قبل ایک ساتھ رہنے کی حمایت کی تھی، جس کے بعد انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
پہلے اداکارہ ممتاز اور سائرہ بانو نے زینت امان کے مشورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اب معروف اداکار و میزبان مکیش کھنہ نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اداکارہ کو کرارا جواب دے دیا ہے۔
مکیش کھنہ نے اپنے انٹرویو کے دوران زینت امان کے مشورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مغربی خیالات ناقابل قبول ہیں، ہماری ثقافت اور تاریخ اس بات کی اجازت نہیں دیتی کے ایک لڑکا اور لڑکی شادی سے قبل ایک ساتھ زندگی گزاریں، یہ رواج ہمارے یہاں مغربی تہذیب سے آیا ہے۔
مکیش کھنہ کے مطابق زینت امان نے اپنی زندگی مغربی تہذیب کے مطابق گزاری ہے، اس لیے وہ ایسی باتیں کر رہی ہے لیکن شادی سے قبل ایک لڑکے اور لڑکی کا میاں بیوی کی حیثیت سے اکٹھے رہنا کسی طور قابل قبول نہیں ہے، ایسی باتیں کرنے والوں یا ایسے مشورے دینے والوں کو بولنے سے قبل سوچنا سمجھنا چاہیے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔