مالدیپ کے پارلیمانی انتخابات: بھارت مخالف صدر کی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب

پیر 22 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالدیپ کے صدر محمد معیزو کی پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مالدیپ میں اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ مالدیپ کا جھکاؤ روایتی حلیف بھارت سے چین کی جانب ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں صدر محمد معیزو کی پارٹی، پیپلز نیشنل کانگرس (پی این سی) نے 93 میں سے 66 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ محمد معیزو کی پارٹی الیکشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کرلے گی۔ نتائج کے باضابطہ اعلان میں ایک ہفتہ لگے گا اور نئی حکومت آئندہ ماہ سے کام شروع کردے گی۔

صدر محمد معیزو

مالدیپ کے حالیہ انتخابات میں حصہ لینے والی 41 خواتین امیدواروں میں سے صرف 3 کامیاب ہوئیں۔ جیتنے والی تینوں خواتین کا تعلق صدر محمد معیزو کی پارٹی سے ہے۔

ان انتخابات میں مرکزی اپوزیشن جماعت مالدیوین ڈیموکریٹک پارٹی (ایم ڈی پی) نے صرف 12 نشستیں حاصل کیں۔ ایم ڈی پی کی اس سے قبل پارلیمان میں بھاری اکثریت تھی۔

واضح رہے کہ محمد معیزو گزشتہ برس مالدیپ کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں ’انڈیا فرسٹ‘ پالیسی کو ختم کرنے اور مالدیپ میں تعینات تمام بھارتی فوجیوں کو واپس بھجوانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ صدر معیزو نے صدر منتخب ہونے کے بعد ابھی تک بھارت کا دورہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجی مالدیپ میں ریسکیو اور جاسوسی کے لیے بھارت کی جانب سے دیے گئے 2 ہیلی کاپٹرز کو آپریٹ کرنے اور ان کی مینٹیننس کے لیے موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp