ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، سرجیکل آلات کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرکے اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر چھاپہ مار کر 3 کروڑ 20 لاکھ کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق منی لانڈرنگ سرکل کراچی نے سرجیکل آلات کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کاروائی کرکے ملزم معصوم احمد کو گرفتار کرلیا ہے، کارروائی اردو بازار کراچی میں واقع اپتھلو ٹیک نامی دفتر میں کی گئی، کارروائی کے دوران ملزم سے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، آئی ڈارپس، لینسز، کٹس اور دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔

چھاپے کے دوران ملزم معصوم احمد سے چیک بکس، لیپ ٹاپس اور موبائل برآمد ہوا ہے، ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے مشتبہ ٹرانزیکش کے حوالے سے ریکارڈ برآمد ہوا، جس کے بعد ملزم سے تفتیش کے دوران اس کی نشاندہی پر اس کے پی ای سی ایچ ایس کراچی میں واقع گھر پر بھی چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

ملزم کی نشاندہی پر چھاپے کے دوران مذکورہ گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، برآمد ہونے والی کرنسی میں63 ہزار 762 امریکی ڈالر، 49 ہزار 170 یورو اور 3100 سعودی ریال شامل ہیں، برآمد ہونے والی کرنسی میں 252 سنگاپور، 210 قطری ریال اور 2 لاکھ 99 ہزار 500 پاکستانی روپے شامل ہیں۔

ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، چھاپے کے دوران کروڑوں مالیت کی اسمگلڈ شدہ انڈین تیار کردہ آئی لینسز، سرجیکل کٹس، سرجیکل نائف بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ملزمان زائدالمیعاد ڈراپس، لینسز اور دیگر آلات کی دوبارہ پیکنگ کرتے تھے، مذکورہ زائدالمیعاد ڈراپس کا استعمال آنکھوں کے لیے شدید نقصان دہ تھی، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp