وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان مسلح جتھے لے کر جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ آور ہوئے اور ایسا کرنا غنڈہ گردی ہے مگر یہ عدالتوں پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات ملک میں نئے بحران کو جنم دیں گے اور ایسے انتخابات کے نتائج کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا کیوں کہ جب قومی اسمبلی کے انتخابات ہورہے ہوں گے تو دوصوبوں میں سیاسی حکومتیں قائم ہوں گی۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ کی چوری ثابت ہوچکی ہےاور اب اس کا حساب دینا ہوگا یہ ڈرامہ کرکے اپنے جرائم کو چھپا نہیں سکتے۔
جن لوگوں کا نام فہرست میں نہیں تھا انہیں پولیس جوڈیشل کمپلیکس کیسے جانے دیتی
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اسلام آباد میں ان کو قتل کرنے کا پلان بنایا گیا تھا تو پولیس کے پاس جو فہرست تھی اس کے علاوہ لوگوں کو وہ کیسے جوڈیشل کمپلیکس کی طرف جانے دیتی۔
وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ عمران خان نے کس قانون کے تحت زمان پارک میں مسلح لوگوں کو بٹھایا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں پٹرول بم بنانے کابھی حساب دینا پڑے گا۔
راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان تھوڑی سی شرم کرکے قوم کو بتا دیں کہ ملکی حالات ان کے دور میں خراب ہوئے اور فرح گوگی نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے نام پر 12 ارب روپے کی کمائی کی۔
مریم نواز کےساتھ جیل میں بدترین سلوک کیاگیا
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو بہت برا لگا کہ زمان پارک میں سرچ آپریشن کے وقت ان کی اہلیہ گھر پر تھیں تو یہ کیوں یاد نہیں کہ مریم نواز کے ساتھ جیل میں بدترین سلوک کیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب آپ کا جھوٹ نہیں بکے گا اور مریم نواز آپ کو بے نقاب کریں گی اور آپ کو تلاشی بھی دینی پڑے گی۔














