پیٹرول پرسبسڈی،وفاقی حکومت کا کم آمدن افرادکے لیے بڑا اعلان

اتوار 19 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے کم آمدن والے افراد کو ریلیف دینے کی خاطر موٹرسائیکل ،رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر فی لٹر50 روپے سبسڈی دینے کااعلان کردیا  ہے اور یہ ریلیف صرف 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم ریلیف پیکیج کاجائزہ لیا گیا اوراس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ کم آمدن والے غریب عوام کے لیے 50 روپےفی لٹرتک پیٹرولیم ریلیف پیکیج دیا جائے گا اور اس سبسڈی اسکیم میں موٹرسائیکل ،رکشہ کے علاوہ 800 سی سی تک چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شامل ہوں گے۔

پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلدمکمل کیاجائے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد مکمل کیا جائے اور موثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں کیوں کہ موٹرسائیکل ،رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں عوام کی سواری ہے تو ان کے لیے سبسڈی سے براہ راست غریب لوگوں کو ریلیف ملے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے  اقدامات کررہی ہےاور اسی لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم متعارف کرائی جارہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم سے متعلق بریفنگ دی اوراجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، معاون خصوصی طارق باجوہ ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp