کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کا الزام: پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی شروع

ہفتہ 27 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کچے کے ڈاکوؤں کے لیے سہولت کاری کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا، تمام اہلکاروں کو صفائی پیش کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے بی کمپنی منتقل کیا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس اہلکاروں کے ڈاکوؤں کے ساتھ ملوث ہونے کے الزام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے لیے سہولت کاری کے الزام میں شکارپور سے کراچی تبادلہ ہونے والے 78 پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف جرائم پیشہ افراد سے روابط سمیت دیگر کئی شکایات تھیں، جس کی بنیاد پر انہیں ان کی پوسٹنگ سے ہٹا دیا گیا، پولیس قوانین کے تحت ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، اہلکاروں کو صفائی پیش کرنے کے لیے شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں، تمام اہلکاروں کو بی کمپنی منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ہی مزید کارروائی کی جائے گی، گزشتہ دنوں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران معلومات لیک ہونے پرشکارپور میں تعینات اہلکاروں کی خفیہ انکوائری شروع کی گئی تھی جس میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وہ مبینہ طور پر ڈاکوؤٔں کے سہولت کار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp