چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس چھاپے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ شبلی فراز سینیٹ کے رکن ہیں۔ پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نےسینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس چھاپے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے-شبلی فراز رکن سینیٹ ہیں-چئیرمین سینیٹ نےآئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی-
— Senate of Pakistan (@SenatePakistan) March 19, 2023
اسلام آباد پولیس نے گذشتہ روز رات گئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ مارا کر وہاں تلاشی لی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے شبلی فراز کے اہل خانہ اور ملازمین کو ہراساں کیا جبکہ وہ خود گھر پر موجود نہیں تھے جس پر پولیس تلاشی کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔
فسطائی ہتھکنڈوں کا نہ رکنے والا سلسلہ، اسلام آباد بھر میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف آپریشن جاری۔
سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ، پولیس نے اہلخانہ اور ملازمین کو ہراساں کیا، تشدد اور بدترین شیلنگ کے باعث @shiblifaraz ہسپتال میں زیر علاج ہیں— PTI (@PTIofficial) March 19, 2023
سینیٹر شبلی فراز عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر پولیس کے ساتھ تصادم، جلاؤ گھیراؤ کے الزامات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر شبلی فراز دھکم پیل میں زخمی ہوگئے تھے اور پولیس نے انہیں حراست میں بھی لیا تھا تاہم بعد ازاں عدالتی احکامات پر رہا کردیا گیا تھا۔
سینیٹر شبلی فراز کا شمار تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا ہے اور اسی بنیاد پر ان کو عمران خان کا چیف آف اسٹاف بھی نامزد کیا گیا ہے۔














