روزےکی برکت سے گھانا کے شخص نے کون سا عالمی ریکارڈ قائم کیا؟

اتوار 28 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان طالب علم نے روزہ رکھ کر ایک گھنٹے میں 1,123 درختوں کو گلے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں اور انہوں نے یہ ریکارڈ روزے کی حالت میں ہی قائم کیا۔

الاباما میں جنگلات کی تعلیم حاصل کرنے والے گھانا کے اس طالب علم نے ٹسکیگی نیشنل فاریسٹ میں 1,123 درختوں کو گلے لگا کر ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ درختوں کو گلے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

29 سالہ ابوبکر طاہرو کا تعلق گھانا کے علاقے ٹیپا کی ایک کسان برادری سے ہے جہاں انہیں قدرتی خوبصورتی کے تحفظ میں دلچسپی پیدا ہوئی اور انہوں نے آبرن یونیورسٹی میں جنگلات و زراعت کے شعبے میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے داخلہ لے لیا جہاں وہ اس وقت طالب علم کی حیثیت سے جنگلات پر ریسرچ کر رہے ہیں۔

عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے ابوبکر طاہرو کو اپنے دونوں بازوؤں کو ہر درخت کے گرد لپیٹ کر اسے گلے لگانا ضروری تھا، اس دوران درختوں کو کوئی معمولی نقصان بھی نہیں پہنچنا چاہیے تھا۔

ریکارڈ کے لیے تیسری شرط یہ تھی کہ کسی بھی درخت کو ایک سے زیادہ بار گلے نہیں لگایا جا سکتا تھا، جس کی وجہ سے طاہرو کو دوڑ کر ہر درخت کو گلے سے لگانے کی ضرورت تھی۔

دلچسپ بات یہ تھی ابو بکر طاہرو مسلمان ہیں اور وہ اس ریکارڈ کو قائم کرتے وقت رمضان کے روزے رکھ رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں بغیر پانی پیئے دوڑتے ہوئے یہ چیلنج مکمل کرنا تھا۔

ابوبکر طاہرو نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ یہ ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش، خاص طور پر جسمانی مشقت کے دوران پانی نہ پینا ان کے لیے ایک بڑا اور اہم چیلنج تھا تاہم قدرتی طور پر یہ ایک طرح سے ان کے لیے مددگار بھی ثابت ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ روزے میں رہنے کی وجہ سے انہیں پانی کے وقفے کے لیے رکنے کی ضرورت نہیں تھی، جس سے شروع سے آخر تک بلا تعطل ریکارڈ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی کوشش جاری رکھنے میں بہت مدد ملی۔

ابوبکر طاہرو نے فی منٹ اوسطاً 19 درختوں کو گلے لگایا اور ریکارڈ قائم کرنے کے لیے 700 درختوں کو گلے لگانے کی کم سے کم تعداد کو انہوں نے عبور کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں 1,123 درختوں کو گلے لگانے کا عالمی ریکارڈ بآسانی قائم کر دیا۔ ان کا ماننا تھا کہ اگر وہ روزہ کی حالت میں نہ ہوتے اور پانی کا وقفہ کرتے تو وہ مقررہ وقت میں شاہد اتنے درختوں کو گلے نہ لگا پاتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp