سعودی سفارتخانے نے شاہ سلمان کے 26 سال قبل ہوئے پاکستانی دورے کی تصاویر شیئر کردیں

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس تاریخی دورہ پاکستان کی تصاویر شیئرکی ہیں جب وہ ریاض ریجن کے گورنر تھے۔

سعودی میڈیا اتاشی کے مطابق ان نایاب تصاویر میں فیصل مسجد کے وزٹ کی تصاویر، پہاڑ کی چوٹی پر تصاویر اور متعدد پاکستانی حکام کے ساتھ تصاویر شامل ہیں۔

اس وقت یہ تاریخی دورہ پاکستانی حکومت کی دعوت پر 27 اپریل 1998 کو ہوا تھا جسے اب پورے 26 برس ہوچکے ہیں۔

اس وزٹ کے دوران خادم حرمین شریفین نے اسلام آباد اور مری شہر کا دورہ کیا تھا۔ اپنی سرد آب و ہوا اور سطح سمندر سے بلندی کی وجہ سے مشہور مری میں شاہ سلمان نے اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی تھی۔

انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا تھا اور وہاں 2 رکعت نماز ادا کی تھی۔

سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اس موقعے پر وزٹ بک میں لکھا تھا کہ ’خدا کا شکر ہے جس نے مجھے شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود مسجد کی زیارت کرنے کی توفیق بخشی، خدا ان پر رحم کرے، میں خدا سے دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کے پیارے دارالحکومت اسلام آباد میں اس اسلامی عمارت کی تعمیر میں ان کی کوششوں کا اجر دے۔ میں اللہ سے سب کے لیے کامیابی کے لیے دعا گو ہوں‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp